
ٹڈیوں کو کھانا تو دور، کچھ لوگوں کو تو شاید انھیں دیکھ کر ہی متلی ہوجاتی ہو، لیکن یہ بات بھی سچ ہے کہ دنیا کے کئی ممالک میں نہ صرف ٹڈیوں کو پکوان کا درجہ حاصل ہے، بلکہ اقوامِ متحدہ 2013 میں عالمی طور پر بھوک کے خاتمے کے لیے کیڑوں کو خوراک بنانے پر بھی زور دے چکی ہے۔
اس کے علاوہ اقوامِ متحدہ کے ادارہ برائے خوراک و زراعت (ایف اے او) اپنی رپورٹ میں بھی نشاندہی کر چکا ہے کہ دنیا سے بھوک کے خاتمے کے لیے کون کون سے کیڑے کھائے جا سکتے ہیں اور ذرا بوجھیں تو ان کیڑوں میں شامل ناموں میں سے ایک کون سا ہے؟

لیکن کئی لوگوں کے لیے ٹڈی کھانا ایک ناممکن تصور ہو سکتا ہے۔ اس میں کچھ قصور شاید اس بات کا بھی ہو کہ یہ دکھنے میں کوئی بہت اچھی نہیں لگتیں۔ لیکن سنبل خان نامی ایک ٹوئٹر صارف نے کراچی سے ٹڈی کے ایک پر کی نہایت دلآویز تصویر پوسٹ کی جس میں اس پر بنے دیدہ زیب قدرتی ڈیزائن واضح طور پر دیکھے جا سکتے ہیں۔
چنانچہ ضروری نہیں کہ آپ وزیر صاحب کے مشورے کے تحت ٹڈیوں کو کھانے پر ہی غور کریں، اقوامِ متحدہ کی رپورٹ کے مطابق انھیں دنیا بھر میں سجاوٹ اور آرائش کے لیے بھی استعمال کیا جاتا ہے۔
بس یہ دیکھ لیجیے گا کہ اس سب میں کہیں کیڑوں کے لیے تکلیف کا پہلو نہ نکلتا ہو۔